کارساز حادثہ: ملزمہ نتاشہ کے خلاف ’آئس کے نشے کی حالت میں‘ گاڑی چلانے پر ایک اور مقدمہ درج، عدالت نے نئے مقدمے میں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی

پاکستان کے شہر کراچی میں پولیس نے 19 اگست کو تیز رفتار گاڑی سے دو افراد کو کُچلنے والی ڈرائیور نتاشہ کے خلاف منشیات کے استعمال پر ایک اور مقدمہ درج کر لیا ہے اور عدالت نے ملزمہ کو نئے مقدمے میں گرفتار کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
پولیس نے بہادر آباد تھانے میں منشیات کے استعمال پر نتاشہ کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق حادثے کے وقت ملزمہ ’میتھم فیٹامین (آئس) کے نشے کی حالت میں تھی۔‘
ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ کے خلاف مقدمہ ’امتناع منشیات پروہبیشن انفورسمنٹ آف حد 1979‘ کے تحت میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے ملزمہ نتاشا کو نئے مقدمے میں گرفتار کرنے کی اجازت دیتے ہوئے سنئیر سپرٹینڈنٹ وویمن جیل کو احکامات جاری کیے ہیں۔
عدالت کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ سے تصدیق ہوئی ہے کہ ملزمہ کے سسٹم میں آئس پائی گئی ہے۔ لہذا میڈیکل رپورٹ کی روشنی میں ملزمہ کے خلاف نیا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ملزمہ سے انوسٹی گیشن کی اجازت بھی دی ہے۔
خیال رہے پولیس نے خاتون ڈرائیور کے خلاف پہلا مقدمہ دفعہ 322 کے تحت قتل بالسبب کا درج کیا تھا۔ اس حادثے میں 60 سالہ عمران عارف اور ان کی 22 سالہ بیٹی آمنہ ہلاک ہوئی تھی۔
خیال رہے کراچی کی ایک مقامی عدالت نے گذشتہ دنوں ملزمہ کو 14 دنوں کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔