اپنی پارٹی کو کہہ دیا ہے کہ وہ ’سٹریٹ موومنٹ‘ کی تیاری کریں: عمران خان

شہزاد ملک، بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سارے پاکستانیوں کو کہہ رہا ہوں کہ آزادی قانون کی بالادستی اور جمہوریت سے ملتی ہے۔ عوام کو ’سٹریٹ موومنٹ‘ کے لیے نکلنا پڑے گا۔‘

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے دعویٰ کیا ہے کہ کوئی ملک پاکستان کو پیسے دینے کے لیے تیار نہیں۔

صحافی رضوان قاضی کے مطابق عمران خان نے کہا کہ ’ملک پر قرضے بڑھتے جا رہے ہیں۔ تاریخ کی کم ترین سرمایہ کاری کا ملک کو سامنا ہے اور پیسہ پاکستان سے باہر جا رہا ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’اپنی پارٹی کو کہہ دیا ہے کہ وہ سٹریٹ موومنٹ کی تیاری کریں۔ پھر ہمیں کوئی نہ کہے کہ ملک کی معاشی حالت کی فکر نہیں۔‘

انھوں نے اسلام آباد جلسے کے اگلے ہی دن (نو ستمبر) پارلیمنٹ کے باہر سے پارٹی رہنماوں کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ ’پارلیمنٹ کے اندر گھس کر ہمارے لوگوں کو پکڑا گیا۔‘

انھوں نے اپنی اہلیہ کی گرفتاری پر ایک بار پھر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’کوئی بتا دے کہ میری بیوی کو کس جرم میں جیل میں رکھا گیا ہے۔ صرف ایک آدمی کی انا کی وجہ سے بشری بی بی جیل میں ہیں۔‘

میڈیا سے بات چیت کے دوران عمران خان نے علی امین گنڈاپور کی جلسے میں میڈیا سے متعلق گفتگو کو نامناسب قرار دے دیا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں آٹھ ستمبر کو ہونے والے جلسے میں خطاب کے دوران علی امین گنڈاپور نے بعض صحافیوں کا نام لیے بغیر ان کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کیے تھے۔‘

انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ان صحافیوں کو پہچانیں جو اپنا ضمیر بیچ چکے ہیں۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’علی امین گنڈاپور نے صحافیوں سے متعلق جو کچھ کہا وہ نہیں کہنا چاہیے تھا۔ اچھے اور برے لوگ ہر شعبے میں موجود ہوتے ہیں۔ علی امین گنڈا پور جوش خطابت میں زیادہ بول گئے۔ صحافی دباؤ کے باوجود اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button