قوم سے جلد خطاب میں معاشی پلان دوں گا، بجلی کی قیمتوں میں کمی سے متعلق خوشخبری ملے گی: وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی میں کمی، بجلی کی قیمتوں میں کمی، معیشیت کو ابھارنے اور ملکی ترقی کے لیے اپنی جان لڑا دوں گا۔
اسلام آباد میں یوم آزادی سے متعلق منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’چند دنوں میں قوم سے خطاب کر کے ایک پانچ سال معاشی پروگرام پیش کروں گا جو ماضی کے پروگرام سے مختلف ہو گا۔‘
انھوں نے کہا کہ ’مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کے بلوں سے عوام پریشان ہیں، مجھے اس کا پورا احساس ہے، ہمیں یہ بھی معلوم کرنا ہے کہ اس حال تک کیسے پہنچے۔‘
وزیر اعظم نے کہا کہ ’بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت، زراعت اور ایکسپورٹ میں بہتری ممکن نہیں ہے اور اس کے بغیر گھریلو صارفین کو تسکین نہیں مل سکتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ’پوری حکومت پاکستان اس پر پوری طرح یکسوئی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے آپ کو خوشخبری ملے گی۔ اس کے بغیر پاکستان کی معیشیت آگے نہیں بڑھ سکتی۔‘