پشین میں بم دھماکہ، دو بچوں کی ہلاکت

بلوچستان کے شہر پشین میں بم دھماکے کے ایک واقعے میں کم از کم دو بچے ہلاک اور 15 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پشین پولیس کے ایک اہلکار صلاح الدین نے بتایا کہ دھماکہ پشین شہر میں واقع سرخاب روڈ پر ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی شواہد کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا جس کے پھٹنے سے متعدد افراد زخمی ہوئے جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال پشین منتقل کیا گیا ہے۔
فون پر رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر وکیل شیرانی نے بتایا کہ دھماکے میں دو بچوں کی ہلاکت ہوئی ہے جن کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ انھوں نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے 14 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 13 کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا۔
پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس بات تعین ہونا ابھی باقی ہے کہ اس کا ٹارگٹ پولیس کے اہلکار تھے یا کوئی اور۔ تاہم جہاں دھماکہ ہوا وہاں ٹریفک پولیس کے اہلکار موجود ہوتے ہیں۔
پشین شہر بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ سے شمال میں اندازاً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ضلع کوئٹہ سے متصل اس ضلع کی سرحد شمال میں افغانستان سے بھی لگتی ہے۔ اس ضلع کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور کی ہلاکت: ’بندوق اتنی طاقتور تھی کہ گولیاں گاڑی کا شیشہ اور سیٹ چیرتی ہوئی ذاکر بلوچ کو لگیں‘
پشین میں اس سے قبل بھی بم دھماکوں اور پولیس اور لیویز فورس کے اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔ تاحال پشین شہر میں بم دھماکے اس واقعے کی ذمہ داری کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم ماضی میں پشین اور بلوچستان کے دیگر پشتون آبادی والے علاقوں میں ایسے واقعات کی ذمہ داری مذہبی شدت پسند تنظیموں کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہیں۔
ادھر بلوچستان کے ضلع نوشکی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں سندھ سے تعلق رکھنے والا ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق ضلع نوشکی میں مل کے علاقے میں ہلاک ہونے والا شخص ٹوپیاں فروخت کرتا تھا۔
دریں اثنا بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے پشین اور نوشکی میں ہونے والے واقعات کی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سماج دشمن اور ریاست مخالف عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے معصوم اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پشین بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔