’میرا ملک دوبارہ آزاد ہوگیا‘

بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں مظاہرین شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کا جشن منا رہے ہیں۔
17 سالہ طالبہ فاطمہ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میں یہاں اپنی آزادی کا جشن منا رہی ہوں۔ میرا ملک دوبارہ آزاد ہوچکا ہے۔‘
’میں، میرے بھائیوں اور بہنوں نے اس کے لیے جدوجہد کی ہے۔ اور بالآخر ہمیں آزادی مل گئی ہے۔ ہم وہ کریں گے جو کرنا ہمیں پسند ہے۔ وہ نہیں جو دوسرے ہمیں کہیں گے۔‘
رسووا نامی کاروباری شخصیت نے بی بی سی کو بتایا کہ ’گذشتہ ہفتوں نے ہمیں بہت مایوس کیا۔۔۔ ہماری اظہار رائے کی آزادی کھو چکی تھی۔‘
’اور آج آپ دیکھ سکتے ہیں کہ سب باہر آچکے ہیں۔ ہم فتح سے ہمکنار ہوئے ہیں۔‘
مظاہرے میں شریک خاتون کا کہنا تھا کہ وسیع پیمانے پر پھیلی ہوئی بدعنوانی کے خلاف جنگ اب پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔