شیخ حسینہ سے تاریخی تعلق کے باوجود انڈیا سوچ سمجھ کر کوئی قدم اٹھائے گا
یوگیتا لیمائے، بی بی سی

شیخ حسینہ اور ان کے خاندان کے انڈیا سے تاریخی تعلقات ہیں۔
1971 کی جنگ میں انڈیا نے مشرقی پاکستان میں آزادی پسند رہنماؤں کا ساتھ دیا تھا جس کے بعد شیخ حسینہ کے والد شیخ مجیب الرحمان بنگلہ دیش کے بانی بنے تھے۔
1975 میں والد کے قتل کے بعد کئی برسوں تک انھیں اپنی بہن کے ہمراہ انڈیا میں سیاسی پناہ حاصل رہی تھی۔
انڈیا کی کئی سیاسی جماعتیں ان کی حمایت کرتی ہیں کیونکہ انڈین اسٹیبلشمنٹ کا خیال ہے کہ ان کے ذریعے بنگلہ دیش میں انتہا پسند اسلامی گروہوں کو اقتدار میں آنے سے روکا جاسکتا ہے۔
انڈیا بنگلہ دیش میں اس لیے بھی اثر و رسوخ چاہتا ہے تاکہ وہ علاقائی حریف چین کے خلاف سبقت حاصل کر سکے۔
مگر انھی وجوہات کے باعث انڈیا اب چاہے گا کہ وہ اس موقع پر سوچ سمجھ کر کوئی حکمت عملی اپنائے کیونکہ یہ بنگلہ دیش کے اگلے رہنما کے ساتھ بھی قریبی تعلق کا خواہاں ہوگا۔