اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف فوجی کارروائی کو وسیع کر رہی ہے۔

عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ پیر کو لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے گئے ہیں۔

عسکریت پسند تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ پیر کو لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملوں کے بعد شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے گئے ہیں۔ جبکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ حزب اللہ کے خلاف فوجی کارروائی کو وسیع کر رہی ہے۔

تنظیم کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کے جواب میں فوجی اڈوں اور گوداموں کو ’درجنوں‘ میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔

ایک الگ بیان میں، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ لبنان سے کم از کم 35 راکٹ داغے گئے اور کئی مقامات پر ان کے اثرات کی نشاندہی کی گئی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ زیریں گیلیلی کے علاقے میں ایک 50 سالہ شخص چھرّے لگنے سے معمولی زخمی ہوا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کئی راکٹوں کو فضائی دفاعی نظام کی مدد سے مار گرایا گیا جبکہ دیگر کھلے علاقوں میں گرے۔

ادھر پیر کی صبح اسرائیلی حملوں کے بعد ایک علیحدہ بیان میں اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ’آج حزب اللہ کے 300 سے زیادہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے‘۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیئل ہگاری کا کہنا ہے ’ہم اس گھر پر حملہ کرتے ہیں جس میں ہتھیار موجود ہیں‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج اب ’حزب اللہ کے خلاف اپنے حملوں کو منظم طریقے سے وسیع کر رہی ہے‘۔

ترجمان کے مطابق اسرائیلی فوج جلد ہی وادی بقاع کے علاقے میں ’دہشت گردوں کے اہداف‘ پر حملہ کرنے کی تیاری بھی کر رہی ہے۔ بقاع شمال مشرقی لبنان کا ایک علاقہ ہے جہاں پہلے بھی حملے کیے جا چکے ہیں۔

ترجمان نے حزب اللہ کے مبینہ اسلحہ ذخیروں کے قریب رہنے والوں پر زور دیا کہ وہ علاقہ چھوڑ دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’حزب اللہ ان ہتھیاروں کو اسرائیل پر داغنے کا ارادہ رکھتی ہے، اور ہم اس کی اجازت نہیں دیں گے! اپنی حفاظت کے لیے وہاں سے دور رہیں۔‘

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button