اسلام آباد کی انتظامیہ کا پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینے سے انکار

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی انتظامیہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف کو شہر میں ایک بار پھر جلسے کی اجازت دینے سے انکار کیا ہے۔

ایک خط میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اس فیصلے کی مختلف وجوہات کا ذکر کیا ہے۔ تحریک انصاف کی قیادت کو دیے گئے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ شہر میں 60 سے زائد سفارت خانے، عالمی اداروں کے دفاتر ہیں اور یہاں کئی غیر ملکی افراد رہائش پذیر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ افراد روزانہ نقل و حرکت کرتے ہیں اس لیے شہر میں احتجاج اور ریلیاں غیرملکیوں کی نقل و حرکت کو متاثر کر سکتی ہیں۔

انھوں نے کہا ہے کہ روزانہ پانچ لاکھ لوگ اسلام آباد میں ملازمت یا تعلیم کی غرض سے سفر کرتے ہیں اور احتجاج اُنھیں اُن کے بنیادی حق سے محروم کرے گا، لہذا احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جج جسٹس رفعت ثمن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ کو آج فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے پانچ اگست کو عمران خان کی گرفتاری اور مہنگائی کے خلاف ’پورے ملک میں‘ احتجاج اور جلسوں کا اعلان کیا تھا۔

’احمد وقاص جنجوعہ کے وکلا کو ان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دی جائے‘

ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے میڈیا کوآرڈینیٹر احمد جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دی ہے۔

عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپریٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی کہ جیل رولز کے مطابق احمد وقاص جنجوعہ کے وکلا کو ان سے جیل میں ملاقات کی اجازت دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے احمد وقاص جنجوعہ کی اسلحہ برآمدگی کیس میں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے جسمانی ریمانڈ منظور کیے جانے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔

احمد وقاص جنجوعہ کی اہلیہ فرہانہ برلاس کی جانب سے ایڈووکیٹ ایمان مزاری عدالت کے سامنے پیش ہوئیں۔ انھوں نے عدالت کو بتایا کہ احمد وقاص جنجوعہ کو آج جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری طرف پراسیکیوٹر نے کہا کہ احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل کر دیا گیا، اب یہ درخواست غیر موثر ہو گئی ہے۔

ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے دلائل دیے کہ عدالت احمد وقاص جنجوعہ سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی اجازت دے۔

عدالت نے درخواست غیر موثر ہونے کی بنا پر نمٹا دی جبکہ ہدایت جاری کی کہ سپریٹنڈنٹ جیل رولز کے مطابق وکیل کو اپنے کلائنٹ سے ملاقات کی اجازت دے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button