بلوچستان یونیورسٹی آف انفارميشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں منعقد ہوئے تھے اور اس دوران 58 طلبا و طالبات کو نقل کرنے کے الزام میں پکڑا گیا تھا
محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

بلوچستان کے میڈیکل کالجوں میں داخلے کے ٹیسٹ میں نقل کرتے ہوئے پکڑے جانے والے طلبا پر تین برس کے لیے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں حصہ لینے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بلوچستان کے چار میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ بلوچستان یونیورسٹی آف انفارميشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں منعقد ہوئے تھے اور اس دوران 58 طلبا و طالبات کو نقل کرنے کے الزام میں پکڑا گیا تھا۔
بولان یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر شبیر لہڑی نے اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا انٹری ٹیسٹ کے دوران بعض امیدوار جدید الیکٹرانک ڈیوائسز کے ساتھ نقل کرتے ہوے پکڑے گئے جن کے پیپر منسوخ کرکے انھیں ایئرپورٹ تھانہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔ ب
ایس ایس پی آپریشنز کوئٹہ پولیس محمد بلوچ نے بی بی سی کو بتایا کہ نقل کرنے کے الزام میں مجموعی طور پر 58 طلبا و طالبات کو حراست میں لیا گیا جن میں طالبات کی تعداد 23 تھی۔
ایس پی صدر شوکت خان کا کہنا تھا کہ چونکہ پی ایم ڈی سی نے انھیں امتحان میں شرکت پر پابندی کی سزا دی ہے اس لیے ان کے خلاف مزید کارروائی کرنے کی بجائے انھیں چھوڑ دیا گیا۔
تاہم ایئرپورٹ روڈ پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ بلوچستان یونیورسٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ مینجمنٹ سائنسز کے احاطے سے نقل کے لیے ڈیوائس فروخت کرنے کے الزام میں جن دو افراد کو گرفتار کیا گیا ان سے تفتیش جاری ہے۔