پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو فائدہ ہو گا: شہباز شریف
پالیسی ریٹ میں کمی

وزیر اعظم شہباز شریف نے شرح سود میں دو فیصد کمی کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے معیشت کو فائدہ ہو گا۔
جمعرات کے روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’دعا ہے کہ مہنگائی کی طرح شرح سود سنگل ڈیجٹ میں آ جائے۔ ایسا ہو گیا تو پاکستان کی معیشت کو چار چاند لگ جائیں گے۔‘
ان کا دعویٰ تھا کہ آہستہ آہستہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے۔ سٹیٹ بینک کے اس فیصلے سے صنعت، کامرس، ایکسپورٹ سمیت ہر شعبے کو فائدہ ہو گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف سے بات چیت مثبت طریقے سے آگے بڑھ رہی ہے۔ امید کی جانی چاہیے کہ جب یہ پروگرام ختم ہو جائے تو شرح نمو کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔‘
انھوں نے ایک بار پھر ایف بی آر میں ریفارمز پر زور دیا۔ شہباز شریف نے خطاب میں کہا کہ آئی ایم ایف کے حوالے سے ہمارے دوست ممالک نے ہمیشہ کی طرح ہمارا ساتھ دیا ہے۔ اور جو کچھ کیا ہے وہ ایک بھائی اور دوست کی طرح کا ساتھ ہے۔
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں اعتراف کیا کہ ’یقینا یہ معاملات اسی طرح نہیں چل سکتے۔ ہمیں قرضوں سے جان چھڑانا ہو گی اور اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہو گا۔ ہم ایک نیوکلیئر طاقت ہیں اور اگر ہر روز ہم قرضوں کی درخواست کریں گے تو اس سے اہمیت میں کمی واقع ہوتی ہے۔‘
وزیر اعظم نے غزہ میں جاری جنگ اور اس میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور اسرائیل کے حملوں کی مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اسرائیل کی دراندازی اور جارحیت کا عالم یہ ہے کہ اقوام متحدہ کے ریلیف کے ورکرز کو قتل کر دیا گیا اور روزآنہ وہاں کئی افراد جان سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔‘