بلوچستان: جہانزیب محمد حسنی کی بازیابی کے لیے کوئٹہ شہر میں احتجاجی مظاہرہ
محمد کاظم، بی بی سی اردو کوئٹہ

بلوچستان سے لاپتہ ہونے والے ایک شہری جہانزیب محمد حسنی کی بازیابی کے لیے اتوار کے روز کوئٹہ شہر میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
کوئٹہ پریس کلب کے باہر ہونے والا یہ مظاہرہ بلوچستان سے لاپتہ افراد کے رشتہ داروں کی تنظیم وائس فار بلوچ مسنگ کے زیر اہتمام کیا گیا جس میں خواتین بھی شریک تھیں۔
’بھائی اور بھتیجے کی گمشدگی کا غم اتنا ہے کہ اب ہمیں خوشی یاد نہیں‘
بلوچ لاپتہ افراد کے لواحقین نے ’وہ کر دکھایا جو بڑی بڑی سیاسی جماعتیں نہیں کر سکتیں‘
مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے جہانزیب محمد حسنی کے رشتہ داروں اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جہانزیب کو کوئٹہ میں سریاب کے علاقے قمبرانی روڈ سے 3 مئی 2016 کو جبری طور پر لاپتہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ جہانزیب کی بازیابی کے لیے انھوں نے تمام فورمز سے رجوع کیا لیکن آٹھ سال تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود ان کی بازیابی ممکن نہیں ہوئی ہے۔
مظاہرے کے شرکا نے جہانزیب محمد حسنی سمیت بلوچستان سے تمام لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان پر کوئی الزام ہے تو ان کو عدالتوں میں پیش کیا جائے۔