جامشورو: جامعہ سندھ کے شعبہ فارمیسی میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3 طلبہ اور 3 طالبات کیلئے آل پارٹیز حریت کانفرنس

جامشورو: جامعہ سندھ کے شعبہ فارمیسی میں زیر تعلیم مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 3 طلبہ اور 3 طالبات کیلئے آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے 11 لاکھ روپے کی رقم جاری کی گئی ہے، جس کے بعد گزشتہ روز وی سی آفس میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر (میریٹوریس) ڈاکٹر محمد صدیق کلہوڑو نے 3 طالبات نزہت سلیم، امینہ بی بی اور سیدہ تحسین فاطمہ میں ڈیڑھ ڈیڑھ لاکھ روپے چیک تقسیم کیے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کی گزارش پر تینوں طالبات کو اوپن چیک دیئے گئے۔ اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کی طالبات سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اسکالرشپ چیک وصول کرنے سے رہ جانے والے 3 طلبہ ابھی تک جامعہ نہیں پہنچے، ان کے جامعہ پہنچتے ہیں آل پارٹیز حریت کانفرنس کی جانب سے بھیجی گئی رقم اوپن چیک کی صورت میں انہیں فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے تین طلبہ میں سے عامر حبیب کو ڈیڑھ لاکھ، اسحاق کو 2 لاکھ تاہم عمیر بٹ کو 3 لاکھ روپے کے اوپن چیک دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات اپنے بچوں کی طرح ہیں، ان کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے طلبہ و طالات کو تمام بنیادی سہولیات اور ہاسٹلز میں اپنائیت بھرا ماحول فراہم کر رہے ہیں۔ تقریب میں رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر مشتاق علی جاریکو، پروفیسر ڈاکٹر خلیل الرحمان کھومباٹی، پروفیسر ڈاکٹر نیک محمد شیخ، اسٹوڈنٹس فنانشل ایڈ کے قمر نانگراج اور محمد رافع میمن نے بھی شرکت کی۔