پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کی رُکنیت ’منسوخ‘ کر دی

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے اندر شیر افضل مروت کی پارٹی کی رُکنیت کی منسوخی پر ایک بحث چھڑ چکی ہے اور ایسا لگتا ہے جیسے اس معاملے پر جماعت میں تقسیم بڑھتی جا رہی ہے۔
شیر افضل مروت کی پارٹی رُکنیت کی منسوخی سے متعلق نوٹیفکیشن جمعے کو پہلے پی ٹی آئی کے واٹس ایپ گروپ اور رہنماؤں کی طرف سے سامنے آیا۔
بعد میں اس نوٹیفکیشن کو پی ٹی آئی کے ’ایکس‘ اکاؤنٹ کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا لیکن اب بھی یہی لگتا ہے کہ پارٹی میں اس حوالے ابہام موجود ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ بار بار منع کرنے کے باوجود بھی شیر افضل مروت کی جانب سے ایسے بیانات دیے گئے جو جماعت کی پالیسی سے تضاد رکھتے تھے۔
جماعت میں تقسیم کی تاثر اس وقت مزید بڑھ گیا جب پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’یہ نوٹیفکیشن جعلی ہے۔‘
جبکہ پارٹی کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے اس حوالے سے میڈیا کو بتایا کہ ’پارٹی کی جانب سے جاری ہونے والا اعلامیہ اور شیر افضل مروت کی جماعت کی رُکنیت کی منسوخی کی خبر درست ہے۔‘
تاہم کچھ دیر بعد شیر افضل مروت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ وہ پارٹی کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ وہ ’عمران خان کے سپاہی تھے، ہیں اور رہیں گے۔‘
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے سابق چیئرمین عمران خان تقریباً ایک برس سے جیل میں ہیں اور اس دوران پارٹی کا تنظیمی ڈھانچے بھی متاثر ہوا ہے جس کےسبب مبینہ دھڑے بننے کی خبریں بھی سامنے آتی رہی ہیں۔