کوہاٹ: گھر کے تہہ خانے میں سیلابی پانی داخل ہونے سے خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ کے علاقے درہ آدم خیل اولڈ بازید خیل میں بارش کا پانی گھر کے تہہ خانے میں داخل ہونے سے ایک ہی خاندان کے 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
امدادی کارروائیوں میں مصروف ریسکیو 1122 کے مطابق گھر کے تہہ خانے میں موجود ایک ہی خاندان کے افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ ادارے کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
ریسکیو 1122 کی جانب سے بتایا گیا کہ سیلابی پانی میں لاپتہ ہو جانے والی 5 سالہ بچی کو بھی نکال لیا گیا ہے۔
29 جولائی سے ملک بھر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے مُلک کے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں طوفانی بارشوں کے باعث رین ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی تھی۔
گزشتہ روز سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے ننگرپارکر میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے متعدد افراد کی ہلاکت اور ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں۔