’پاکستان اگر انڈیا کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث پایا جائے تو اس کی عسکری امداد بند کر دی جائے‘: امریکی سینیٹ میں بل پیش

امریکی سینیٹ میں ایک رپبلیکن رکن کی جانب سے پیش کیے گئے بل میں سفارش کی گئی ہے کہ اگر پاکستان انڈیا کے خلاف دہشت گردی کی سرپرستی میں ملوث پایا جاتا ہے تو امریکہ اس کی عسکری امداد بند کر دے۔
ریپبلیکن سینیٹر مارکو روبیو کی جانب سے جمع کرائے گئے بل میں امریکی کانگریس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کی طرف سے انڈیا کے خلاف دہشت گردی اور ’پراکسی‘ گروپوں کی حمایت سمیت کسی بھی جارحانہ طاقت کے استعمال کے بارے میں رپورٹ طلب کی جائے۔
بل کے متن کے مطابق ’کمیونسٹ چین‘ سے پیدا ہونے والے خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکہ کو انڈیا کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
سینیٹر روبیو کی جانب سے پیش کیے گئے بل میں تجویز کیا گیا ہے کہ انڈیا کو علاقائی سالمیت کو لاحق خطرات سے نمٹنے کے لیے امریکہ کو اس کی مدد کے لیے پالیسی مرتب کرنی چاہیے۔
بل میں مزید سفارش کی گئی ہے کہ انڈیا کو روسی آلات کی خریداری کے لیے امریکی پابندیوں سے استثنیٰ دی جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ ’ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاملے میں امریکہ کو انڈیا کے ساتھ اپنے قریبی اتحادیوں جاپان، اسرائیل، کوریا، اور نیٹو جیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔‘