عمران خان، فوج اور کنٹینرز: اقتدار کی جاری جنگ کا پاکستان کے لیے کیا مطلب ہے؟
علی امین گنڈا پور کا افغانستان سے مذاکرات کا اعلان

نو مئی سے متعلق مقدمات کی سماعت کے دوران اسلام آباد کی ایک انسداد دہشتگردی کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔
ان درخواستوں کی سماعت جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ وکیل ظہور الحسن نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست جمع کروائی، جس پر پراسیکیوٹر راجا نوید نے کہا کہ عدالت ملزم کا کنڈکٹ دیکھ لے مسلسل خلاف ورزی ہو رہی ہے۔
٭ علی امین گنڈا پور کا افغانستان سے مذاکرات کا اعلان
٭ عمران خان، فوج اور کنٹینرز: اقتدار کی جاری جنگ کا پاکستان کے لیے کیا مطلب ہے؟
جج طاہرعباس سپرا نے ریمارکس دیے پچھلی مرتبہ حاضری سے معافی کی درخواست دی اور 8 کو جلسے میں طبعیت ٹھیک تھی، جس پر وکیل ظہور الحسن نے کہا عدالت آج استثنیٰ کی درخواست منظور کرے یقین دہانی کرواتا ہوں علی امین حاضر ہوں گے۔
صحافی رضوان قاضی کے مطابق دوران سماعت علی امین کے وکلا نے عدالت کو درخواست دی کہ آج رستے بند ہیں جس کی وجہ سے وہ عدالت نہیں پہنچ سکے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل اے بی این نیوز سے وابستہ صحافی جمشید قادر نے بی بی سی کو بتایا کہ علی امین گنڈا پور کے وکلا آج اسلام آباد کی دو مختلف عدالتوں میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ اگر عدالت رستے صاف کروا دے تو پھر وزیراعلیٰ پیش ہو سکتے ہیں۔
انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علی امین گنڈاپورکی جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں بھی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ جمشید کے مطابق جج نے ریمارکس دیے کہ بغیر کسی وجہ کے ہر مرتبہ ریلیف نہیں دے سکتے، آخری مرتبہ بھی آپ کی مرضی کی تاریخ دی گئی تھی۔
جمشید قادر کے مطابق جج طاہر عباس سپرا نے علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے بعد ان کی درخواست ضمانت بھی خارج کردی۔ ان کے مطابق علی امین گنڈا پور کے ضمانتی ان کے وکیل کے منشی تھے جو خود بھی عمرے کی وجہ سے آج عدالت کے سامنے پیش نہں ہو سکے ہیں۔
رضوان قاضئ کے مطابق جج طاہر عباس سپرا نے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور، واثق قیوم عباسی، راجہ راشد حفیظ اور عامر محمود کیانی کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے عمر تنویر بٹ کو مسلسل غیر حاضری پر اشتہاری اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
ان رہنماؤں پر 9 مئی سے متعلق دہشتگردی کی دفعات کے تحت تھانہ آئی 9 میں مقدمہ درج ہے۔