چیف جسٹس اور آرمی چیف سے متعلق الزامات پر عمران خان کو وضاحت دینا ہوگی: بلاول بھٹو

چیف جسٹس اور آرمی چیف سے متعلق الزامات

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے ایکس پر اپنے بیان میں چیف جسٹس پر الزام عائد کر کے توہین عدالت کی جبکہ آرمی چیف پر سیاست میں ملوث ہونے کا الزام لگایا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر یہ بیان خود عمران خان نے جاری نہیں کیا تو پھر بتایا جائے کہ ان کا ایکس اکاؤنٹ کس نے استعمال کیا تھا۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس سے گزشتہ روز ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسی کو مدت ملازمت میں توسیع دینے کی مخالفت کی گئی تھی اور ان پر ’عدالتی نظام کو یرغمال بنانے‘ کا الزام عائد کیا تھا۔

عمران خان کے اکاؤنٹ سے کی جانے والی اسی ٹویٹ میں آرمی چیف کا نام لیے بغیر الزام عائد کیا گیا تھا کہ ’یحیی خان نے ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف آپریشن کیا۔ یحییٰ خان پارٹ ٹو بھی یہی کام کر رہے ہیں۔ اور ملک کے ادارے تباہ کر رہے ہیں۔‘

بلاول بھٹو نے قومی اسمبلی میں خطاب کے دوران مزید کہا کہ ’پی ٹی آئی تحقیقات کرے کہ یہ واقعی عمران خان کا بیان ہے یا نہیں اوراگر یہ بیان انھوں نے نہیں دیا تو قائد حزب اختلاف وضاحت دیں کہ کیا یہ ٹوئٹر اکاؤنٹ علی امین یا شیر افضل مروت چلا رہے تھے۔‘

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ’کل رات پورے پاکستان نے اس شخص کا بیان پڑھا ہے۔ انھوں نے سیاست چمکانے اور ریلیف لینے کے لیے آئینی اداروں پر حملے کیے ہیں۔`

انھوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کے عوام قیدی نمبر 804 کے ساتھ نہیں ہیں۔‘

چیئرمین پیپلز پارٹی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرمی چیف کی تقرری کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی ،بطور ڈی جی آئی ایس آئی موجودہ آرمی چیف نے بانی پی ٹی آئی کی کرپشن پکڑی تھی۔ کرپشن پر ایکشن کی بجائے انٹیلی جنس چیف کو تبدیل کر دیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وزیر اعظم کے خلاف ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے ذریعے لوگوں کو حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو تصدیق کی ہے کہ یہ مقدمہ نمبر 1138/24 مورخہ 13 ستمبر 2024 کو درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق اس مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں قائم کی گئی چار رکنی ٹیم آج دوبارہ اڈیالہ جیل کا دورہ کرے گی اور عمران خان سے تفتیش کرے گی۔

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کی چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں عمران خان سے پوچھ گچھ کے لیے پہنچی تھی۔

تاہم ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق جیل حکام کے ذریعے جب بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تو انھوں نے وکلا سے مشاورت کا بہانہ بناکر تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کردیا تھا۔

ایف آئی اے کے اہلکار کے مطابق چار رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح اب دوبارہ تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button