فرانس: انگلش چینل میں پناہ گزینوں کی کشتی الٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک

فرانس کے وزیر داخلہ گیرالڈ درمانن کا کہنا ہے کہ انگلش چینل میں پناہ گزینوں کی ایک کشتی الٹنے سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔ وزیر داخلہ نے ایکس پر لکھا کہ اس خوفناک حادثے میں دو افراد ابھی تک لاپتہ ہیں جبکہ متعدد زخمی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھیں گی اور اس حادثے کے متاثرین کا خیال رکھیں گی۔
فرانس کے کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار دس لوگوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ابھی تک 53 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
فرانس کے کوسٹ گارڈ کے مطابق وہ سرچ اور ریسکیو آپریشن سے متعلق جلد معلومات شیئر کریں گے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق اس کشتی سے 50 سے زیادہ لوگوں کو ریسکیو آپریشن میں بچایا جا چکا ہے۔ کوسٹ گارڈ کے مطابق ان لوگوں میں سے اکثر کو فوری علاج کی ضرورت ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اس کشتی پر کل کتنے مسافر تھے۔ فرانس کے وزیر داخلہ کا چند گھنٹوں میں اس جگہ پر دورے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ فرانس کے مقامی میڈیا کے مطابق اس علاقے کے سے عوامی نمائندے نارڈ پاس دی کلائس بھی جائے حادثہ کی طرف آ رہے ہیں۔
اس برس 20,000 سے زائد پناہ گزین انگلش چینل عبور کیا
سمن جونز کا تجزیہ
یہ انگلش چینل میں تازہ ترین حادثہ ہے۔
لوگ بے چینی سے شمالی فرانس سے ایسی کشتیوں پر برطانیہ جانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ناقص ہیں اور ان پر حد سے زیادہ لوگ سوار ہو جاتے ہیں۔
اس حادثے سے قبل رواں برس انگلش چینل میں 25 پناہ گزینی کے خواہاں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ یہ گذشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہلاکتیں ہیں۔
لوگ برطانیہ پہنچنے کے لیے سنگین خطرات مول لیتے ہیں۔
رواں برس 20,000 سے زیادہ لوگوں نے انگلش چینل عبور کیا ہے۔ اب یہ چیز نئی حکومت پر دباؤ بڑھا رہی ہے جس کا کہنا ہے کہ وہ اس پر سختی سے قابو پا رہی ہے۔