کوئٹہ پریس کلب میں انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کانفرنس اور سیمینار پر پابندی عائد

محمد کاظم، بی بی سی ارد، کوئٹہ

بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر نے کوئٹہ پریس کلب میں پیشگی اجازت کے بغیر کانفرنسوں اور سیمیناروں کے انعقاد پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پریس کلب کے صدر کے نام ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کیے جانے والے ایک مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اس نوٹیفیکیشن کو انتہائی اہم سمجھا جائے۔ پریس کلب کے انتطامیہ کی جانب سے نوٹس بورڈ پر آویزاں کیے جانے والے اس نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ امن و امان کی موجودہ صورتحال میں ضلعی انتظامیہ سے پیشگی اجازت کے بغیر کسی تنظیم یا جماعت کو پریس کلب میں کانفرنس یا سیمنار منعقد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

نوٹفیکیشن میں پریس کلب کے صدر کو یہ ہدایت کی گئی ہے کہ آپ انتظامیہ سے این او سی کے بغیر کسی کو بھی کانفرنس اور سیمینار کی اجازت نہ دیں۔ صحافتی تنظیموں کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں پہلے سے آزادی کے ساتھ صحافت کرنا مشکل ہے لیکن کوئٹہ کے موجودہ ڈپٹی کمشنر کی تعیناتی کے بعد نت نئی پابندیوں کے احکامات اور ہدایات سامنے آ رہے ہیں۔

اس سے قبل ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ایک سیمینار کے موقع پر پریس کلب کو تالا بھی لگادیا گیا تھا جس کے خلاف صحافتی تنظیموں نے احتجاج کیا تھا۔

بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام بُدھ کو کوئٹہ پریس کلب کے باہر ’یوم شہدائے صحافت‘ کے موقع پر ایک مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے صدر خلیل احمد نے ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے آزادی صحافت کے منافی قراردیا۔

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں آزادی صحافت کے منافی جو اقدامات کیے جا رہے ہیں وہ کسی مارشل لا میں نہیں کیے گئے۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں بڑی تعداد میں صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کے دوران ہلاک کیا گیا لیکن ان کے قاتلوں کو کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا۔

Quetta

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button