مہنگی بجلی اور بھاری ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال آج ، متعدد سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی حمایت کا اعلان

پاکستان کی تاجر برادری نے حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی تاجر دوست سکیم اور مہنگی بجلی کے خلاف ملک بھر میں بدھ کے روز شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت مخالف اس احتجاج میں جماعت اسلامی، جے یو آئی ف سمیت بعض دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان سامنے آیا ہے۔
یاد رہے کہ 16 اگست کو تاجر برادری نے اعلان کیا تھا کہ وہ بھاری ٹیکسز، مہنگی بجلی اور ’تاجر دوست سکیم‘ کے خلاف 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال کریں گے۔
نیشنل پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرکز تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری، صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ اور دیگر رہنماؤں نے کہا تھا کہ 28 اگست کو ملک بھر کے تاجر مکمل شٹر ڈاؤن کریں گے۔
کاشف چوہدری کے مطابق ’تاجر اپنے اثاثے فروخت کر کے بل ادا کر رہے ہیں۔ تاجر دشمن اسکیموں کو مسترد کرتے ہیں۔ دکانوں پر 60 ہزار روپے ماہانہ ٹیکس لگانا ظلم ہے۔‘
آج ہونے والی اس ہڑتال کے حوالے سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے۔ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے نوالا چھین لیا ہے، کارکن پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں۔
واضح رہے کہ 22 اگست کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے بھی ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بجلی، گیس کے بلوں میں اضافے اور فیول ایڈجسٹمنٹ جیسے ٹیکسز کے خلاف عوامی مہم چلا رہے ہیں۔
ان کے مطابق ’یہ اقدامات تاجروں کو تباہ کرنے والے ہیں، پہلے مرحلے میں 28 اگست کو مکمل شٹرداؤن ہڑتال کی جائے گی، اس کی کال تاجروں کی بڑی بڑی تنظیموں نے بھی دی ہے۔‘
پاکستان میں نجی بجلی گھروں کا مالک کون ہے اور کیا بِیگاس سے چلنے والے پلانٹس کو بھی کپیسٹی پیمنٹ کی جاتی ہے؟
حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا تھا کہ ’یہ معاملہ ایسا ہے جس پر پورا پاکستان مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کرے گا۔‘
اسی ضمن میں پاکستان تحریک انصاف ضلع پشاور کے صدر عرفان سلیم نے تاجروں کی جانب سے بے جا ٹیکسز ، مہنگی بجلی ، لوڈ شیڈنگ اور آئی پی پی کپیسٹی سرچارج کے خلاف آج پشاور میں ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔
اپنے ایک بیان میں عرفان سلیم کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مطالبات جائز اور حل طلب ہیں۔ اسی لیے پی ٹی آئی پشاور کے جنرل سیکرٹری ملک شہاب ایڈووکیٹ اور دیگر کارکنوں کے ہمراہ تاجروں کی ہڑتال اور پشاور میں مرکزی اجتماع میں ان کے ساتھ اظہارِ یک جہتی کے لیے بھرپور شرکت کریں گے۔