بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے: محسن نقوی

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تخریب کاری کے واقعات پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات کے بعد حالیہ شدت پسندی کے واقعات کے بارے میں حقائق ثبوت کے ساتھ سامنے لائیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ وہ بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں اور امن کی فضا برقرار رکھنے کیلیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وزیرِ داخلہ نے دعویٰ کیا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرکے 12 شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دشمن سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ملک میں انارکی پیدا کرنا چاہتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کیا جارہا ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ شب شروع ہونے والے شدت پسندوں کے حملوں میں اب تک 39 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
یہ حملے بلوچستان کے دس سے زائد اضلاع میں کیے گئے جن میں سب سے زیادہ، 22 ہلاکتیں ضلع موسیٰ خیل میں ہوئیں۔
سرکاری حکام نے اب تک قلات سے 11 افراد اور ضلع کچھی کے علاقے بولان میں 6 کے قتل کی تصدیق ہوئی ہے۔
کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے ان حملوں کے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔