اٹک میں سکول وین پر فائرنگ، دو بچیاں ہلاک، پانچ بچے اور ڈرائیور زخمی

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے سرحدی ضلعے اٹک میں نامعلوم افراد کی سکول وین پر فائرنگ سے دو کمسن طالبات ہلاک اور پانچ بچوں سمیت چھ افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
اٹک پولیس کے ترجمان کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی صبح کالا چٹا پہاڑ کے دامن میں وااقع گاؤں ڈھیری کوٹ کے نزدیک پیش آیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں سکول وین کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے جبکہ زخمی اور ہلاک ہونے والے تمام بچوں کی عمر چار سے 12 سال کے درمیان ہیں۔
اس واقعے کے بعد ریسکیو 1122 کی ٹیم نے زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اٹک منتقل کیا۔
حملے کے بعد نامعلوم حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
تاحال یہ واضح نہیں کہ وین کو کیوں اور کس نے نشانہ بنایا تاہم اٹک پولیس کے ترجمان محمد جنید نے بی بی سی کے عزیز اللہ خان کو بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق وین ڈرائیور کی دشمنی تھی اور اسی پر فائرنگ ہوئی ہے تاہم اس بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کمشنر راولپنڈی سے اس واقعے پر رپورٹ طلب کی ہے جبکہ زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔