تجزیہ کار اوریا مقبول جان لاہور سے گرفتار، مذہبی منافرت کے پھیلاؤ اور اداروں کی تضحیک کے الزامات عائد
ترہب اصغر، بی بی سی اردو

ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ نے کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کے ایک افسر نے بی بی سی اردو کو بتایا کہ اوریا مقبول جان کو بدھ کو رات گئے لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ اوریا مقبول پر مذہبی منافرت پھیلانے، ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیزی پھیلانے اور مخصوص شخصیات کو ’گلوریفائی‘ کرنے کے الزامات ہیں۔
ایف آئی اے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اوریا مقبول جان کو جمعرات کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا
یہ پہلا موقع نہیں کہ اوریا مقبول جان کو حراست میں لیا گیا ہو۔ گذشتہ برس 13 مئی کو بھی لاہور پولیس نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انھیں حراست میں لیا تھا تاہم بعدازاں انھیں رہا کر دیا گیا تھا۔