اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے بحال ہونا شروع، ریڈ زون تاحال سیل

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اسلام آباد کے نواحی علاقے ترنول میں ہونے والا جلسہ ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد انتظامیہ نے شہر کے داخلی و خارجی راستوں سے رکاوٹیں ہٹانی شروع کر دی ہیں تاہم مذہبی جماعتوں کے احتجاج کے پیشِ نظر ریڈ زون کو تاحال رکاوٹیں لگا کر بند کیا ہوا ہے۔
پی ٹی آئی کے جلسہ ملتوی کرنے کے اعلان کے بعد ترنول کے مقام پر تعینات پولیس کی نفری واپس بلا لیا گیا ہے اور ترنول کی جانب جانے والے داخلی راستوں سے کنٹینرز بھی ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
تاہم ریڈ زون کی جانب جانے والے تمام راستے تاحال مکمل طور پر بند ہیں۔
ریڈ زون کے قریب نادرہ چوک کو کنٹینرز لگا کر مکمل بند کر دیا گیا ہے۔
متعدد سڑکیں بند ہونے کے باعث سیرینا چوک کے اطراف میں شدید ٹریفک جام ہے۔
دوسری جانب، مذہبی جماعتوں کے کارکنان فضلِ حق روڈ پر جمع ہونا شروع ہو گئے ہیں۔
جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں مبارک احمد ثانی کیس کے فیصلے کے خلاف وفاق کی متفرق درخواست کی سماعت کے موقع پر تحفظ ناموس رسالت نے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔