اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں کئی گھر اور گاڑیاں نذرِ آتش کر دیں

جمعرات کے روز اسرائیلی آباد کاروں نے مقبوضہ مغربی کنارے کے ایک گاؤں میں گھروں اور گاڑیوں کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں فلسطینی وزارت صحت کے مطابق کم از کم ایک شخص ہلاک ہوا ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ درجنوں آباد کاروں نے جمعرات کی شام نابلس شہر کے قریب جِٹ گاؤں پر حملہ کیا۔ اس حملے میں پتھر اور مولوٹوف کاک ٹیل (پیٹرول بم) استعمال کیے گئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق حملے میں ایک 20 سالہ شخص ہلاک جبکہ ایک اور شخص کو سینے میں شدید چوٹ آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جمعرات کو دیر گئے جِٹ میں مکانات اور گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا ہے۔

فوٹیج میں گاؤں سے دھوئیں کے بادل اٹھتے نظر آ رہے ہیں۔

اسرائلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہلاکت کی رپورٹ کی تفتیش کر رہے ہیں۔

اسرائیلی سیاسی رہنماؤں نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ اس کے ذمی داروں کو سزا دی جائے گی۔

اسرائیلی وزیر اعظم بن یامن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کسی بھی مجرمانہ فعل کے ذمہ داروں کو پکڑ کر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ انھوں نے جِٹ سے ایک اسرائیلی شہری کو حراست میں لیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button