برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو میں مسافر بردار طیارے کو حادثہ، 61 افراد ہلاک

برازیل کی ریاست ساؤ پالو میں ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 57 مسافر اور عملے کے چار افراد سوار تھے جن میں سے کسی کے بھی زندہ بچنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
برازیل کے صدر لوئیز اناسیو ڈی سلوا نے طیارے کے حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد کو خراج عقیدت پیش کیا اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
ووپاس ایئر لائن کا کہنا ہے کہ دو انجنوں والا ٹربوپروپ طیارہ جنوبی ریاست پرانا کے کیسکاویل سے ساؤ پالو شہر کے مرکزی ہوائی اڈے کے لیے پرواز کر رہا تھا جب وہ ونہیدو شہر میں گر کر تباہ ہوا۔
ایئر لائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ حادثہ کیسے پیش آیا۔
برازیل میں یہ 2007 کے بعد پیش آنے والا سب سے بڑا فضائی حادثہ ہے۔
عینی شاہدین نے ریاست ساؤ پالو کے علاقے وندھیڈو میں مسافر طیارہ گرنے کے واقعے کے بارے میں بتایا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے فیلیپ مگلہیس کا کہنا تھا کہ ’جب میں نے طیارے کے گرنے کی آواز سنی تو میں نے گھر کی کھڑکی سے باہر دیکھا تب تک طیارے کے ملبے اور اس کے گرد آگ لگی ہوئی تھی۔‘
تاہم برازیل کی فضائیہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارے کی علمے کی جانب سے ایمرجنسی کا اعلان نہیں کیا تھا۔