طلبہ کی جانب سے سپریم کورٹ کا گھیراؤ: بنگلہ دیشی چیف جسٹس نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

بنگلہ دیش کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عبیدالحسن نے طلبہ رہنماؤں کے مطالبے پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

سنیچر کو بنگلہ دیش کی وزارتِ قانون و انصاف کے ترجمان آصف نذرُل نے چیف جسٹس کے استعفے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کا استعفیٰ ملک کے صدر کے پاس منظوری کے لیے بھیجا جائے گا۔

سپریم کورٹ میں موجود ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت کے پانچ مزید ججز عنقریب اپنے عہدوں سے مستعفی ہو جائیں گے۔

اس سے قبل آج صبح چیف جسٹس عبیدالحسن نے ججز کا فُل کورٹ اجلاس بُلایا تھا لیکن طلبہ کے احتجاج کے سبب یہ اجلاس منعقد نہیں ہو سکا۔

طلبہ تحریک کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ کے ججز سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اپنے عہدوں سے استعفیٰ دیں۔ طلبہ تحریک کے ایک کوآرڈینیٹر عبدالمنان مسعود نے فیس بُک کی ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ وہ سپریم کورٹ کا گھیراؤ کریں گے۔

انھوں نے لکھا کہ ’شکست خوردہ طاقتوں کی سازش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم پہلے ہی چیف جسٹس سے استعفے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔ طلبہ کے خلاف کوئِی بھی اقدام اُٹھانے یا ان کو اُکسانے کی صورت میں آپ کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘

طلبہ رہنما کی اپیل پر سینچر کی دوپہر کو سینکڑوں طلبہ نے سپریم کورٹ کی بلڈنگ کا گھیراؤ کیا۔

خیال رہے بنگلہ دیش میں ہفتوں سے جاری کوٹہ مخالف پُرتشدد مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ نے 5 اگست کو بطور وزیراعظم استعفیٰ دے دیا تھا اور وہ انڈیا روانہ ہوگئیں تھیں۔

بنگلہ دیش میں اس وقت ایک عبوری حکومت قائم کی گئی ہے جس کی سربراہی نوبل انعام یافتہ ماہرِ معیشت پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کر رہے ہیں۔

چیف جسٹس عبید الحسن کون ہیں؟

عبید الحسن نے 26 ستمبر 2023 کو ملک کے 24 ویں چیف جسٹس کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اُٹھایا تھا۔

سنہ 1986 میں انھوں نے وکالت پڑھنے کے بعد بطور وکیل ڈسٹرکٹ بار کمیٹی میں شمولیت اختیار کیا تھی۔

وہ 1996 سے 2001 تک بطور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور ڈپٹی اٹارنی جنرل خدمات انجام دیتے رہے ہیں۔

سنہ 2009 میں انھیں سپریم کورٹ کا ایڈیشنل جج بنایا گیا اور 2011 میں وہ عدالت کے مستقل جج مقرر ہوئے۔

انھوں نے ڈھاکہ یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم حاصل کی تھی اور اس کے علاوہ وہ اکنامکس میں بھی ماسٹرز کر چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button